(Marek’s)میریکس

میر یکس ایک وائرس سے پھیلنے والی بیماری ہے جو کہ اعصابی نظام کو خراب کرتی ہے، ٹانگوں اور پروں کا فالج اس کی خاص نشانیاں ہیں۔ اس میں پرندوں کی ایک ٹانگ آ گے اور ایک ٹانگ پیچھے ہو جاتی ہے۔ کبھی کبھار جلد، پٹھوں، نظام انہضام (جگر وغیرہ) اور نظام تنفس کے کچھ حصوں پر گلٹیاں بن جاتی ہیں ۔ اس بیماری کے وائرس متاثرہ پرندوں کے پردوں کی جڑوں میں رہتے ہیں۔ زیادہ تر مادہ پرندے اس بیماری سے متاثر ہوتے ہیں۔

وجوہات
یہ بیماری ایک وائرس کی وجہ سے پھیلتی ہے۔

جراثیم کے نقل ہونے کے طریقے
  • پرندوں کے آپس میں چھونے سے یا کسی چیز کو اکٹھا استعمال کرنے سے یعنی خوراک اور پانی کے برتن وغیرہ سے یہ بیماری ایک پرندے سے دوسرے پرندے میں چلی جاتی ہے۔
  • پرندوں کے پروں کے اڑ کر دوسرے پرندوں پر پڑنے سے۔
  • پرندوں کے برتنوں وغیرہ سے اور کام کرنے والے آدمیوں کے کپڑوں اور جوتوں سے۔

علامات

  • یہ بیماری 6 سے 16ہفتے کی عمرمیں ہوتی ہے۔ اس بیماری کی علامات اعصابی نظام سے متعلق ہیں جو کہ وائرس سے متاثر ہوتا ہے۔
  • پروں کا فالج۔
  • ٹانگوں کا فالج (ایک ٹانگ آ گے اور ایک پیچھے کی طرف مڑ جانا)۔
  • گردن کا کھچاؤ ( گردن گھوم جانا)۔
  • سانس کی تکلیف۔

بیماری کی شدید علامات

  • ٹانگوں کافالج اور ساتھ میں سبز سفید اسہال۔
  • متاثرہ اعصاب کا دو سے تین گنا موٹا ہو جانا۔
  • جگر ، بیضہ دانی ،تلی، گردوں، پھیپھڑوں اور دل کا بڑھ جانا۔
  • کبھی کبھار جلد، پٹھوں ، نظام انہضام اور نظام تنفس پرگلٹیاں نکل آتی ہیں۔

علاج اور احتیاطیں

  • اس بیماری کے خلاف کوئی کارگر علاج نہیں ہے۔
  • ایک دن کے چوزے کو ویکسین کرتے ہیں۔
  • متاثر ہ پرندوں کے پروں کو اکٹھا کر کے جلا دیں۔
  • جینیاتی طور پرقوت مدافعت رکھنے والے پرندوں کی افزائش نسل۔