(Cannibolism) پرندوں کا پر نوچنا 

 کینابولزم تکلیف چوزوں میں پنجے، پر یا دم نوچنے سے ظاہر ہوتی ہے۔ نوچنے کی جگہ پر اکثر اوقات خون رسنا شروع ہوجاتا ہے۔ اس کی کئی ایک وجوہات ہوسکتی ہیں۔ خوراک، پانی یا فرشی جگہ کی کمی اس مسئلے کی اہم وجوہات ہیں۔ اس کے علاوہ بروڈر روم میں زیادہ گرمی یا زیادہ رش ہونے سے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔ کینابولزم رنگ دار پرندوں کی نسبت سفید مرغیوں میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ اس کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ سفید مرغیوں میں خون کی سرخ نالیاں آسانی سے دکھائی دیتی ہیں اور وہ چوزے جنہوں نے خون کا ذائقہ چکھا ہو اس پرندے کو زخمی کردیتے ہیں اور پرندے اس وقت تک زخمی کرتے رہتے ہیں جب تک کہ اسے علیحدہ نہ کردیا جائے یا پھر وہ مکمل طور پر ختم نہ ہوجائے۔ بہتر یہ ہے کہ زخمی ہونے والے پرندے کو فوراً دوسروں سے علیحدہ کردیں اور زخمی چوزے کے زخموں پر کوئی اچھا سلوش (ٹنکچر آیوڈین Tincture Iodine وغیرہ) لگا دیں۔ بروڈر روم میں پردے گرا کر اندھیرا کردیں تاکہ انہیں خون کی نالیاں نظر نہ آئیں اور ایک دوسرے کو نہ کاٹیں۔ زخمی پرندے کو ایک یا دو دن کے علاج کے بعد باقی پرندوں میں واپس بھیج دیں۔

درج ذیل اقدامات سے کینابولزم کو آسانی سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے

  • شیڈ میں زیادہ رش نہ ہونے دیں یعنی چوزوں کو ان کی عمر کے مطابق کھانے پینے اور فرش کی جگہ دیں۔
  • چوزوں کو مصروف رکھیں اس کے لیے شیڈ میں سبز چارہ (برسیم یا لوسرن وغیرہ) لٹکا دیں اس سے چوزوں کی ورزش بھی ہوگی اور وہ مصروف بھی رہیں گے۔
  •  کمرے میں اندھیرا کرنے سے کھڑکیوں پر رنگ دار پینٹ (رنگ) کرنے سے بھی کینابولزم کافی حد تک روکا جاسکتا ہے۔
  •  خوراک میں کسی غذائی اجزاء کی کمی بھی اس کا سبب بن سکتی ہے اس لیے چوزوں کو مناسب مقدار میں پروٹین، نمک اور سبز چارہ دیں۔
  •  کینابولزم کو کنٹرول کرنے کا آسان اور محفوظ طریقہ روشنی کے وقفے اور شدت کو کم کرنا ہے اس کے لیے 200 مربع فٹ جگہ کے لیے ایک 40 واٹ کا بلب کافی ہے۔
  •  زیادہ حفاظت کے طور پر آپ سرخ رنگ کے الیکٹرک بلب بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یا تو کھڑکیوں پر سرخ رنگ کردیں یا پھر ان پر سرخ پلاسٹک کی شیٹ (Sheets) لگادیں۔
  •  کینابولزم سے بچاؤ کے لیے چوزوں کی چونچ کاٹ دیں۔ اس کے لیے چونچ کے اوپر والے حصے کا ایک بٹا آٹھ حصہ کاٹ دیں (یا چونچ کا ایک تہائی حصہ) اور نیچے والی چونچ کی نوک کاٹ دیں۔ چونچ کاٹنے کے لیے ہمیشہ بجلی سے گرم ہونے والی مشین استعمال کریں۔ چونچ کاٹنے سے پرندوں پر ذہنی دباؤ پڑتا ہے اور کبھی کبھار وہ بیماریوں کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔ چونچ ہمیشہ 10 سے 15 دن کی عمر میں کاٹنی چاہیے یا جن چوزوں کی چونچ دوبارہ بڑھنے لگے انہیں انڈوں کی پیداوار سے پہلے (18 سے 20 ہفتے کی عمر پر) ایک دفعہ چونچ کو مشین کے بلیڈ کے ساتھ Touch کریں۔
  •   وٹامن اے اور کے بھی دی جاسکتی ہے تاکہ خون جلد بند ہوجائے اور زخم جلد ٹھیک ہوں۔