سردی  کے موسم میں چوزوں کی  دیکھ بھال

    مرغیوں کو55سے75ڈگری فارن   ہائیٹ درجہ حرارت ضرورت ہو تی ہے ۔اس سےکم یازیادہ  درجہ حرارت پر ان کی پیداواری صلاحیت بُری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ زیادہ سردی مرغیوں میں ذہنی دباؤکاباعث بنتی ہے۔ سردیوں کی راتوں میں جب مرغیوں کو ٹھنڈی ہوائیں اور سردی لگے تو اس سے سانس کی بیماریاں جنم لیتی ہیں جیسے نزلہ سی آرڈی۔اس سے مرغیوں کاوزن کم ہو جاتا ہے اور لیئرزمیں انڈوں کی پیداوارکم ہونے کے ساتھ ساتھ شرح اموات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ۔سردی کے موسم میں درج ذیل باتوں کاخیال رکھنا ضروری ہے۔

 بروڈنگ

  • اگر بروڈنگ کے دوران درجہ حرارت لگا تار کم رہے تو چوزوں کوسردی لگ جاتی ہے جس سے انہیں نزلہ لگ جاتا ہے۔اور چوزے خود کو گرم رکھنے کے لئے اکٹھے ہو کر بیٹھتے ہیں اور ان میں ایک دوسرے کے نیچے آنے سے شرح اموات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔اس کے لئے بہتر ہے کہ سردیوں میں شیڈ میں بروڈرز یا بھٹیوں کی تعداد بڑھا دی جائے۔
  • سردیوں میں اگر درجہ حرارت بڑھانے کےلئے کوئلہ وغیرہ جلایا جائے تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ کمرے میں دھواں جمع نہ ہو اس سے چوزوں کی صحت پر بہت اثر پڑتا ہے ۔
  • کمرے میں درجہ حرارت کنٹرول کرنے کے لئے کھڑکیوں پر اندر اور باہر دونوں طرف سے پردے لگا دے تاکہ ٹھنڈی ہوائیں باہر سےاندر نہ آ سکیں ۔ایسی صورت میں کمرےمیں ہوا کی آمد ورفت کو مناسب رکھنے کے لئے دن کے گرم ترین حصے میں پردے تھوڑی دیر کے لئے اٹھا دیں۔
  • سردیوں میں کھڑکیوں پر پردے ہونے کی وجہ سے چوزوں کو خوراک اور پانی کے برتن ڈھونڈنے میں مشکل پیش آتی ہے اور چوزے بھوکے رہ جاتے ہیں اس لئے بلب جلتے رہنے دے ۔رات کے وقت خوراک اور پانی کے برتن کے بروڈر کے قریب کر دے تاکہ چوزے رات کے وقت خوراک کھاسکیں کیونکہ رات کے وقت سردی ہونے کی وجہ سے چوزے بروڈر سے دور نہیں جاتے ۔
  • سردیوں کے موسم میں بچھالی کی سطح 5سے6انچ تک ہونی چاٍہیے جس سے چوزوں کی زیادہ گرمی ملتی ہے۔بچھالی ہمیشہ خشک رکھنی چاہیے۔گیلی بچھالی سے خونی پیچیس ہونے کاخطرہ بڑھ جاتاہے۔
  • خوراک میں انرجی پہلے سے زیادہ ہونی چاہیےاس کے لیے پیداوار کو مناسب رکھنے کے لیے بہت سردی کے موسم میں ایک پاوُ(250گرام)کھانےوالا تیل ایک تھیلا خوراک میں ملا دیں۔
  • سردیوں کے موسم میں جانور زیادہ کھاتے اس لیے فی جانور5سے10گرام زیادہ خوراک دیں تاکہ وہ اپنے جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کر سکیں۔
  • بہت زیادہ سردی کے موسم میں جانوروں کو نیم گرم پانی بھی دیاجاسکتاہے۔

 اہم بیماریاں

  • خونی پیچش

سردیوں میں خونی پیچش ہونے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔یہ بیماری تین ہفتے کی عمر پر زیادہ ہوتی ہے اس سے بچنے کے لیےبچھالی کو خشک رکھناضروری ہے اس کے لیے بچھالی کو وقتا فوقتا ہلاتے رہیں۔

  •   نزلہ اور سی ۔آر۔ڈی

یہ سانس کی بیماری جو کہ سردی کے موسم میں شدت سے اثراندازہوتی ہیں ۔اس سے بچاؤکے لیےصفائی کاخاص خیال رکھنا چاہیے فارم کے اردگرد کاعلاقہ بھی صاف ستھراہونا چاہیے۔

  •    زہر آ لودخوراک

             سردیوں میں خوراک میں زہر کی شکایت بڑھ جاتی ہے اگر وقت پر خیال نہ رکھا جائے تو اس سے لیئرزمیں انڈوں کی   پیداوار کم ہو تی ہے اور وزن بھی کم ہو جاتا ہے اور ان میں شرح اموات بڑھ جاتی ہے،چوزے سست پڑجاتے ہیں۔