بروڈنگ

چھوٹے چوزوں کو اس طرح پالنا جیسے مرغی اپنے بچوں کو پالتی ہے بروڈنگ کہلاتا ہے۔ بروڈنگ اس وقت تک کے لیے ہوتی ہے جب تک چوزوں کو مصنوعی درجہ حرارت کی ضروت ہو۔ یہ عام طور پر پانچ سے آٹھ ہفتے تک ہوتی ہے۔

بروڈنگ کے بنیادی اصول

  •       درجہ حرارت

                چوزوں کو حرارت بجلی، لکڑی، گیس یا تیل وغیرہ سے مہیا کی جاتی ہے۔ اس کے لیے بروڈر استعمال ہوتا ہے۔ بروڈنگ کی جگہ کا درجہ حرارت پہلے ہفتے میں 90 سے 95 ڈگری فارن ہائیٹ ہونا چاہیے۔ جب چوزے بڑے ہوجائیں تو یہ درجہ حرارت ہر ہفتے پانچ ڈگری فارن ہائیٹ کی رفتار سے کم کرتے جائیں۔ 75 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچ کر درجہ حرارت کم نہ کریں۔

چوزے کی عمر بروڈر کا درجہ حرارت (ڈگری فارن ہائیٹ)
ایک ہفتہ 90 سے 95
دو ہفتہ     85 سے 90
تین ہفتہ  80 سے 85
چار ہفتہ    75 سے 80
پانچ ہفتہ   75

 

 یہ درجہ حرارت لکڑی کے بورے سے دو انچ اوپر اور بروڈر سے 6 انچ باہر ناپنا چاہیے۔ عام طور پر کمرے میں چوزوں کی حالت دیکھ کر بھی درجہ حرارت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اگر چوزے بروڈر کے نیچے اکٹھے ہوں تو اس کا مطلب یہ کہ درجہ حرارت کم ہے اسے زیادہ ہونا چاہیے۔ اگر وہ بروڈر سے دور کونوں میں اکٹھے ہوگئے ہوں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ درجہ حرارت زیادہ ہے اور اسے کم ہونا چاہیے ایسی صورت حال میں درجہ حرارت کم کردیں۔ مناسب درجہ حرارت کی نشانی یہ ہے کہ چوزے تمام جگہ پر ایک سی ترتیب میں بکھرے ہوئے ہوں۔

  •        ہوا کی آمدورفت

                بروڈنگ کے کمرے سے نمی، نقصان دہ گیسوں اور گرمی کے اخراج کے لیے ہوا کی متواتر آمدورفت بہت ضروری ہے تاکہ چوزوں کو سانس لینے کے لیے تازہ ہوا مل سکے۔ ہوا کی مناسب رفتار ایک چوزے کے لیے ایک منٹ میں 0.1 مکعب فٹ ہے۔ باہر آنے والی ہوا کو گرم کرنے کے لیے کمرے کا درجہ حرارت جو عام طور پر 75 سے 80 فارن ہائیٹ ہوتا ہے اس سے کچھ زیادہ رکھنا بہتر ہے۔ فارمر عام طور پر بروڈر ہاؤس میں سردیوں میں مطلوبہ درجہ حرارت حاصل کرنے کے لیے پردے لگا کر شیڈ کو مکمل طور پر بند کردیتے ہیں اس سے ہوا میں آکسیجن کی کمی ہوجاتی ہے اور ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے۔

  •      ہوا میں نمی کا تناسب

                چوزوں کی مناسب اور بہترصحت کے لیے ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہونا بے حد ضروری ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے لکڑی کا برادہ (بچھالی) گیلا ہوجاتا ہے جس سے چوزوں میں خونی پیچش اور سانس کی بیماریاں بڑھ جاتی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے سے بچھالی گرد آلود ہوجاتی ہے اور اس سے سانس کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

  •          صفائی

                بروڈنگ کے کمرے کی صفائی بے حد ضروری ہے۔ دو یا تین ہفتوں کے بعد ایک دفعہ بیٹوں کو صاف کرنا ضروری ہے تاکہ بیماریوں کے جراثیم پھیلنے نہ پائیں۔ لکڑی کے برادے کو ہلاتے رہیں تاکہ وہ جم نہ جائے اور خشک رہے۔ پانی کے برتنوں کی جگہ کچھ دنوں کے بعد بدلتے رہنے سے بچھالی خشک رہے گی۔ نئے چوزے رکھنے سے پہلے ہر بار کمرے کی مناسب صفائی اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے بہت ضروری ہے۔ بیمار مرے ہوئے چوزوں اور پروں کو مناسب طریقے سے دبا دینا چاہیے یا اس طرح صفائی کریں کہ بعد میں نقصان دہ ثابت نہ ہوں اور بیماریاں پھیلانے کا سبب نہ بنیں۔ چوزوں کی مناسب صحت کے لیے سورج کی روشنی کا کمرے میں آنا بے حد ضروری ہے۔

  •           خوراک

                بروڈنگ (ایک سے 8 ہفتے) کے دوران انڈے دینے والی مرغیوں کے چوزوں کو راشن نمبر 1 (چک سٹارٹر) دیتے ہیں۔ جس میں 19 فیصد پروٹین اور 2900Kcal/Kg  انرجی ہوتی ہے۔